ماہنامہ القاسم

ماہنامہ القاسم (جنوری، فروری 2007ء) عربی اُردو پشتو زبان میں پاکستان میں شائع ہونے والی کتب پر ماہنامہ القاسم کے تبصروں کے ساتھ شائع ہوا ہے۔ اگلا شمارہ بھی کتب کا تعارف پیش کرے گا۔ یہ القاسم کا خاص شمارہ ہے جس کا مقصد طلبہ میں کتب بینی کا شوق پیدا کرنا ہے۔ فاضل مرتب نے اس خاص اشاعت میں مطالعہ اور حسن مطالعہ کیلئے چند مشاہیر عالم کے اقوال نقل کئے ہیں اور ان کی روشنی میں مطالعہ کیلئے عمدہ تجاویز بھی پیش کی ہیں۔ زیرتبصرہ ماہنامہ القاسم میں علوم قرآن، تفسیر قرآن اور علوم حدیث پر شائع ہونے والی کتب کے تعارف کے علاوہ دوسرے عمرانی اور معاشرتی علوم پر بھی شائع ہونے والی کتب کا تعارف کرایا گیا ہے اور اس کے ساتھ فاضل مرتب نے اپنے رشحات قلم سے اِن مطبوعات پر تبصرہ بھی کیا ہے۔
فہرست ابواب میں درج ذیل موضوعات پر کتب کا تعارف کرایا گیا ہے۔ قرآنیات، تفسیر وحدیث، فقہ، احکام اور حکم، عقائد اور تصوف وسلوک، سیرت، خاندان نبوت اور تذکار صحابہ، تذکرہ، سوانح اور تاریخ، مضامین، مقالات او رمکتوبات، مواعظ و خطبات، درسی کتب، درسی کتب کے تحت دینی مدارس میں پڑھائی جانے والی کتب پر اساتذہ کرام کی شروحات اور اضافوں پر مشتمل کتب کا تعارف کرایا گیا ہے۔
زیرتبصرہ ماہنامہ القاسم کے مطالعہ سے اصحاب ذوق بہ آسانی علوم اسلامی اور علوم عصریہ پر چھپنے والی کتب سے آگاہی حاصل کر لیتے ہیں اور قاری کو فی الواقع اس طرح ایک سہولت میسر آگئی ہے۔ ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ماہنامہ القاسم کے مرتبین اور معاونین کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ اگر شمارے میں چیدہ چیدہ ویب سائیٹ کا تعارف کرا لیا جاتا تو رسالے کی افادیت دوچند ہو جاتی۔
ڈاک سے ماہنامہ القاسم منگوانے کا پتا ہے۔ القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہ برانچ پوسٹ آفس خالق آباد، ضلع نوشہرہ سرحد
زر تعاون سالانہ 200 روپے فی شمارہ 20 روپے بذریعہ وی پی 230 روپے
نوٹ: ماہنامہ القاسم مولانا عبدالقیوم حقانی کی زیرسرپرستی شائع ہوتا ہے۔
Enter your email address:

Delivered by FeedBurner



No comments:

Post a Comment

ShareThis